مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر 3 اعتراض لگ گئے

Published On 22 March,2023 05:04 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کے پی پی 63 سے الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی پر 3 اعتراض لگ گئے۔

ریٹرننگ آفیسر عثمان سکندر کے دفتر میں مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران پی ٹی آئی کے امیدوار لالہ اسد اللہ کے وکلاء نے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر 3 اعتراض لگا دئیے۔

یہ بھی پڑھیں: زمان پارک آپریشن: مریم نواز، رانا ثناء کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر

پہلا اعتراض یہ لگایا گیا ہے کہ مریم نواز کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے شناختی کارڈ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں ہیں، دوسرا مریم نواز نے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہے کہ پاکستان میں انکی کوئی سرمایہ کاری نہیں لیکن کاغذات میں کڑوروں روپے کے اثاثے ظاہر کیے۔

مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر تیسرا اعتراض یہ لگایا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ لگائے گئے بیان حلفی اور دیگر کاغذات بھی اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں ہیں، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے وکلاء نے کاغذات نامزدگی پر مخالفین کے لگائے گئے اعتراضات مسترد کر دئیے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب الیکشن: حلقہ پی پی 149 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

ریٹرننگ آفیسر عثمان سکندر نے دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، کاغذات نامزدگی منظور کرنے یا مسترد کرنے کا فیصلہ کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔

لیگی وکلا کے مطابق کاغذات نامزدگی پر لگائے گئے اعتراضات سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کی کوشش ہے، باقی حلقوں میں بھی انہی کاغذات پر کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔
 

Advertisement