نیازی نے مسلح جتھوں کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، رانا ثنا اللہ

Published On 23 March,2023 08:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے جوڈیشل کمپلیکس پر مسلح جتھوں کے ساتھ حملہ کیا، توڑ پھوڑ کر کے عدالتی عمل میں رکاوٹ ڈالی گئی، ذمہ داروں کو گرفتار کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مین گیٹ کو توڑا، سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑے، عدالتی ملازمین کی موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کیا، عدالت میں غنڈہ گردی کا ماحول پیدا کیا گیا، عدالتی عمل میں رکاوٹ ڈالنےکی کوشش کی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک مقدمہ تھانہ اسلام آباد رمنا میں درج ہے، یہ 18 مارچ کو دوبارہ عدالت آئے تو مسلح جتھے ان کے ساتھ تھے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے جو مسلح ہو کر عدالتوں میں حملہ آور ہوئے عمران نیازی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف مہم پر خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ ان چاروں کیسزکی جے آئی ٹی انویسٹی گیشن کرے گی، میرٹ پر تفتیش کر کے 14 دن کے اندر جے آئی ٹی چالان عدالت میں پیش کرے گی، عمران خان اور ان کے مسلح جتھوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، مسلح جتھوں نے سرکاری املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کل اس نے آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد پر سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا، یہ ملک میں افراتفری، انارکی چاہتا ہے، ان کے خلاف سخت ترین قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے اداروں سے مشاورت کے بعد سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا، محسن نقوی

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کار سرکار میں رکاوٹ اور پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد پر مقدمات کیے گئے ہیں، عمران خان نے قانون کا سامنا کرنے کے بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے، عمران خان نے پیشی کے وقت ایسا ماحول پیدا کیا کہ عدالتی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز، عام شہریوں اور املاک پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، عدالتوں پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، عمران نیازی اور مسلح جتھے کے خلاف اے ٹی سی میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تھانہ سی ٹی ڈی اور گولڑہ میں دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے ان مقدمات پر درست طریقے سے عمل ہو گا۔

Advertisement