کارکنوں پر تشدد، ملوث لوگوں پر امریکا، برطانیہ، یورپ میں پابندی لگوائیں گے: فواد چودھری

Published On 28 March,2023 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان بینک کرپٹ ہونے جا رہا ہے، ہوش سے کام لیں، کیا یہ دوبارہ پاکستان کو فیٹف کی لسٹ میں شامل کروائیں گے؟، اوورسیز پاکستانی ہماری بیک بون ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ دس اپریل سے لیکر 21 مارچ تک انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، برطانوی شہری شاہد حسین کو کل رہا کر دیا گیا، برطانوی شہری کو رہا کرنے پر معافی مانگی گئی، کیا پاکستانیوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں، اظہر مشوانی پاکستانی ہیں اس لیے اس کا کوئی اتا پتا نہیں، ان کو لاپتا ہوئے 5 دن ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو کراچی منتقل کر دیا گیا

فواد چودھری نے کہا کہ کل 10 سال کے بچے کو اٹھا کر جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، عمران خان کے خلاف 15 مقدمات ایک دن میں درج کیے گئے، ان کے خلاف کیسز کی تعداد 143 ہو گئی ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ انٹرنیشنل اداروں، ڈپلومیٹک کور کو بھجوا دی ہے، نگران وزیراعلیٰ، آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کے خلاف رپورٹ عالمی اداروں کو بھیج رہے ہیں۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا یہ لوگ پرسونا نان گریٹا ڈکلیئر ہوں گے ان کے انٹرنیشنل ویزے منسوخ ہوں گے، جس طرح نریندر مودی پر امریکا میں پابندی لگی اسی طرح ان پر لگے گی، ضیاالحق کے دور میں ایسا ہوا تھا، برطانیہ، یورپی یونین، امریکا سے ان کے خلاف قراردادیں آئیں گی، قراردادوں میں ان کے ویزوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا جائے گا، نگران حکومت، آئی جی پنجاب کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دلوائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن: عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کو جواب کیلئے آخری مہلت

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ اپریل میں جی ایس پی پلس کی بات چیت ہونی ہے، جس طریقے سے حکومت چل رہی ہے لگتا نہیں جی ایس پی پلس اسٹینڈ ہو گا، جب تک قوم پیچھے کھڑی نہ ہو ریاست مضبوط نہیں ہوتی، اگر کوئی ادارے پر تنقید کرتا ہے تو جواب دیں، ریاست اور قوم کے درمیان فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔

شیریں مزاری نے مزید کہا کہ جس طرح کی یہ حرکت کر رہے ہیں قوم علیحدہ ہو رہی ہے، امپورٹڈ حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، کسٹوڈین ٹارچر اور روزانہ ہمارے لوگ غائب ہو رہے ہیں، 5 دن ہو گئے اظہر مشوانی غائب ہے، پولیس کہتی ہے انہیں اظہر مشوانی کے اغوا کا نہیں پتا، نامعلوم افراد سرعام لوگوں کو اٹھا رہے ہیں، خدا کے واسطے ہوش کے ناخن لیں۔
 

Advertisement