اسلام آباد: (دنیا نیوز) توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے فریقین کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور دیگر افراد پیش نہیں ہوئے۔
عمران خان اور فواد چودھری کی جانب سے وکیل فیصل چودھری نے پیش ہو کر بتایا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے تک عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی کا فیصلہ واپس لیا جائے، التواء کی درخواست بھی دائر کر دی۔
ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی نے کہا کہ آج تو آپ نے دلائل دینے تھے؟، ایڈووکیٹ انور منصور نے کہا کہ اسد عمر آج انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، ہم پر 150 کیسز ہیں کہاں کہاں پیش ہوں؟
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ درخواستوں میں اٹھائے نکات پر کبھی تو فیصلہ کرنا ہوگا، بنچ کے رکن شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ بالکل آخری موقع دے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیئے تو چارج فریم کر دیں گے، کیس کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔