اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بھی عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے عام انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے میں عام انتخابات کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ تجویز کی تھی۔
اس سے قبل 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات ملتوی کر کے 8 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا تھا، الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب نے امن وامان کی خراب صورت حال سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی کمی ہے۔
الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ صرف فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے ہی یہ کمی پوری ہو سکتی ہے، وزارت داخلہ نے کہا کہ سول، آرمڈ فورسز اسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی، وزارت داخلہ کے مطابق فوج سرحدوں، اندرونی سکیورٹی، اہم تنصیبات کے تحفظ اور غیرملکیوں کی سکیورٹی پر مامور ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں مالی معاشی بحران ہے، آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، حکومت کیلئے کے پی، پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، خراب معاشی صورت حال کے باعث فنڈ کی فراہمی نہیں کی جا سکے گی۔