پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان کل ریٹائرڈ ہو جائیں گے ان کی جگہ جسٹس روح الامین ایک دن کیلئے قائم مقام چیف جسٹس بن گئے ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ کے موجودہ چیف جسٹس قیصر رشید خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد 31 مارچ کیلئے جسٹس روح الامین کی بطور قائمقام چیف جسٹس تعیناتی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جسٹس روح الامین بھی 31 مارچ کو ریٹائرڈ ہوں گے، اس وقت وہ پشاور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس مسرت حلالی کو پشاور ہائی کورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظور دے دی، صدر نے قائم مقام چیف جسٹس کی تعیناتی کی سمری پر دستخط کر دئیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت پشاور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، جسٹس مسرت حلالی یکم اپریل سے قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
جسٹس روح الامین کے بعد جسٹس مسرت حلالی پشاور ہائی کورٹ کی سینئر ترین جج ہیں، جسٹس مسرت حلالی مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی تک ذمہ داریاں ادا کریں گی، پشاور ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کرے گا۔