کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش جاری رہی جس کے بعد کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
کوئٹہ کے اکثر علاقوں میں بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام جواب دے گیا، کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی غائب ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشین میں 4، سبی، زیارت اور قلعہ عبداللہ میں 3 جبکہ موسیٰ خیل میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد میں ایک گھنٹہ میں 29 ملی میٹر بارش، واسا سسٹم ناکام
محکمہ موسمیات کے مطابق 48 گھنٹوں میں ژوب میں 50، بارکھان 33، پنجگور 21، کوئٹہ 16 اور قلات میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی کوئٹہ، قلات، سبی، بارکھان، سبی، ژوب، چمن اور قلعہ سیف اللہ میں مزید بارش کا امکان ہے، گوادر میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے نصیر آباد اور لہڑی کے دریاؤں میں طغیانی آ گئی، طوفانی بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے، ژوب کے مقام پر کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔