کراچی : ( دنیا نیوز ) شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں فیکٹری میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگڈر مچنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری مالک کو گرفتار کر لیا۔
گزشتہ روز سائٹ ایریا کی ایک فیکٹری میں راشن اور زکوة کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں اور خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نورس چورنگی سائٹ ایریا میں قائم فیکٹری میں راشن تقسیم کیا جا رہا تھا، راشن کی تقسیم کے دوران خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں: فیکٹری میں راشن اور زکوٰۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 12 افراد جاں بحق
فیکٹری کا مالک عبدالخالق نامی شخص پولیس کو اطلاع دیئے بغیر راشن تقسیم کر رہا تھا، تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے پانی کا پائپ ٹوٹ گیا اور پورے پلانٹ میں پانی بھر گیا جس کی وجہ سے افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
کراچی پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں فیکٹری مالک عبدالخالق سمیت دیگر ملازمین کے خلاف درج کر کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقدمہ غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔