اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے حوالے سے کل پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کی جائے گی۔
اتحادی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قائدین کو خوش آمدید کہتا ہوں، عدالت میں چار، تین کے فیصلے کو اگنور کیا گیا، ایک قرارداد پہلے لائی گئی اور ایک قرارداد کل پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ہم پوری تیاری کریں گے لیکن انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں: مریم نواز
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس طرح کا کھلواڑ پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، دیکھتی آنکھوں نے ایسا بھیانک منظر پہلے نہیں دیکھا، سیاسی پارٹیوں کی درخواست کو مسترد کیا گیا، چار تین کے فیصلے کو پہلے سرکلر کے ذریعے، پھر ایک 6 رکنی بینچ بیٹھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کل کابینہ اجلاس میں بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیر قانون، خواجہ سعد رفیق، مولانا اسعد محمود نے ایوان میں تفصیلی گفتگو کی، مشاورت کے بعد ہم ٹھوس فیصلے کریں گے، آئین اور قانون کے ساتھ سنگین مذاق کیا جا رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر یہ الیکشن ہوا تو تباہی کا سبب بنے گا: وزیر داخلہ راناثناء اللہ
وزیر اعظم نے کہا کہ کل 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے مطابق حکومت نے فنڈز مہیا کرنے ہیں، الیکشن کمیشن نے 11 تاریخ کو فنڈز کی ادائیگی کے حوالے سے سپریم کورٹ کو رپورٹ پیش کرنی ہے، 17 اپریل تک پنجاب حکومت نے سکیورٹی مہیا کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3 رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کی جس کی کارروائی سرکلر سے ختم کی، سپریم کورٹ میں جس طرح کیس کی سماعت ہوئی سب کے سامنے ہے، سپریم کورٹ نے فل کورٹ کی استدعا کو رد کر دیا۔