نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ

Published On 06 April,2023 07:43 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس خصوصاً سی ٹی ڈی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اب تک صوبے میں دہشتگردی کے چھوٹے بڑے 140 واقعات ہوئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا، پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردی کے درجنوں منصوبوں کو ناکام بنایا گیا، اجلاس میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ پولیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کرے، اقلیتی برادری کے لوگوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے ان کو تحفظ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نے مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی، پولیس اہلکاروں کو دہشت گرد حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں۔