شفاف انتخابات کے بغیر ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ممکن نہیں: اسد قیصر

Published On 04 April,2023 11:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا محمد شیرانی سے ملاقات کی، اس موقع پر صاحبزادہ صبعت اللہ، ملک انور تاج، مولانا شجاح الملک، مولانا گل نصیب خان، سابق سینیٹر ملک اسماعیل اور مولانا عبدلخالق بھی موجود تھے۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے چیئرمین عمران خان کا پیغام پہنچایا، مولانا محمد شیرانی نے پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد دی، اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے، آئین پاکستان کے مطابق 90 دن میں انتخابات منعقد کروانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا جمعیت علمائے پاکستان سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

اسد قیصر نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کا قیام صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے بغیر ممکن نہیں ہے، خطے کی بدلتی صورت حال میں پاکستان میں امن اور امان کا قیام انتہائی ضروری ہے، مولانا شیرانی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جلد ملاقات کرکے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔