لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آج رات 9 بجے لبرٹی چوک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی پر یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت الیکشن میں تاخیر کا فائدہ بتائے تو میں انتظار کر لوں گا: عمران خان
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب براہ راست سکرین پر دکھایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کو بحال کر دیا اور جمہوریت کو بچا لیا، قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اس فیصلے کے علاوہ کوئی اور فیصلہ ممکن بھی نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں میدان سے بھاگتی نہیں، پی ڈی ایم جماعتیں بھی جمہوری عمل کا حصہ بنیں، یہ جمہوریت اور آئین کی فتح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کیخلاف حکومتی ایڈونچر کا قوم منہ توڑ جواب دے گی: پرویز الہٰی
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے حامی وکلا کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر جشن منایا گیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے، زمان پارک میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔