اسلام آباد: (دنیا نیوز) مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے سلسلہ میں تحریک انصاف نے جمعیت علمائے پاکستان سے ملکی صورتحال پر بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ مولانا محمد شیرانی سے ملاقات کریں گے، اس دوران اسد قیصر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پیغام ان کو پہنچائیں گے، اس کے علاوہ موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
2 روز قبل بھی تحریک انصاف کے وفد نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا تھا جہاں اسد عمر اور سینیٹر اعجاز چودھری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مابین روابط کا تسلسل آئندہ بھی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔