اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے نصاب تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نصاب میں خصوصی افراد کی جانب معاشرے کے رویے بدلنے پر توجہ دینی چاہئے۔
ایوان صدر میں خصوصی افراد کی سہولت کے حوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹس کے سیکرٹریز اور مختلف حکومتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت خصوصی افراد کی سہولت کے حوالے سے اجلاس
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) April 6, 2023
اجلاس میں صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹس کے سیکرٹریز، مختلف حکومتی اداروں کے نمائندوں کی شرکت
خصوصی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے نصاب تیار کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت pic.twitter.com/9TkAlko1Bg
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو روزمرہ زندگی میں منفی رویوں، امتیازی سلوک سمیت مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانےکیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمت کے کوٹے کو فوری طور پر پُر کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر عارف علوی کو اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی، صدر مملکت کو اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ وزارت تعلیم خصوصی افراد کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مئی میں 120 اساتذہ پر مشتمل تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جو سیاسی پارٹی الیکشن سے بھاگے گی اسکی سیاست دفن ہو جائے گی: وزیر اعظم
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے خصوصی افراد کیلئے جامع تعلیم کے فروغ کیلئے ڈویژنل سطح پر اساتذہ کے 6 تربیتی پروگرام مکمل کیے ہیں، صدر مملکت نے خصوصی بچوں کیلئے وفاقی اور سندھ حکومت کے اساتذہ تربیتی پروگراموں کو سراہا۔
اس موقع پر چیئرمین نادرا نے خصوصی افراد کی سہولت کیلئے کیے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ خصوصی افراد کو مفت خصوصی شناختی کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں، نادرا کی ٹیمیں خصوصی افراد کی رجسٹریشن کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں رہائش گاہوں کا دورہ کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دوبارہ حکومت میں آئے تو پہلے سے بہتر کام کریں گے: عمران خان
اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے ہنر، پیشوں کی ایک متحرک ماسٹر لسٹ بھی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کو پیش کی جانے والی سہولیات اور فوائد کی فہرست تیار کی جانی چاہئے۔
اجلاس کو صوبائی حکومتوں کی جانب سے خصوصی افراد کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔