ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان سے گرفتار کر لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر کو ہائی کورٹ کی رجسٹری کے باہر سے پولیس نے حراست میں لیا، تحریک انصاف کے رہنما نے گرفتاری سے بچنے کیلئے احاطہ عدالت میں پناہ لے رکھی تھی، سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری صبح سے ہی ہائی کورٹ کے باہر موجود رہی، تحریک انصاف کے رہنما کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ابھی یہ نہیں بتایا جا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور کی گرفتاری پر عمران خان کا ردِ عمل آگیا
علی امین گنڈا پور تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کر چکے تھے، پولیس کی جانب سے انہیں عدالت میں حاضری سے روکا جا رہا تھا، سابق وفاقی وزیر آج دن ڈیڑھ بجے عدالت پہنچے تو جج کچھ دیر پہلے جا چکے تھے، ڈی پی او نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ہائیکورٹ کے احاطے کو گھیرے میں لئے رکھا، علی امین گنڈا پور نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک انصاف کے 2 رہنما گرفتار
سابق وفاقی وزیر کے وکیل نے بتایا کہ ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کی قیادت میں پولیس نے علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، ڈی پی او سے مذاکرات کیے مگر بے سود رہے۔