اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت کے دوران نکاح کے الزام پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ کے روبرو اسلام آباد کے شہری محمد حنیف کی شکایت پر سماعت کے دوران جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گواہ مفتی سعید بیان ریکارڈ کرانے کیلئے ساڑھے 10 بجے آئیں گے، جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔
ابتدائی سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ عدت میں نکاح کیا، عدت میں نکاح گناہ بھی ہے اور قانوناً جرم بھی، لہٰذا عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
درخواست گزار نے گزشتہ سماعت پر عدالت میں ابتدائی بیان ریکارڈ کرایا اور لاہور میں پڑھائے گئے نکاح کی کاپی بھی کمپلینٹ کے ساتھ منسلک کی گئی جبکہ نکاح عدت کے دوران ہونے متعلق مفتی سعید کے بیان کا حوالہ بھی کمپلینٹ میں موجود ہے۔
بعد ازاں سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو گواہ مفتی سعید کے عمرہ کی غرض سے ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت آئندہ کی تاریخ مقرر کر دے، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔