بحران کا حل ایک ہی روز انتخابات کے انعقاد سے ممکن ہے: گورنر خیبر پختونخوا

Published On 08 April,2023 11:44 am

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ موجودہ آئینی و سیاسی بحران کا حل پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات کے انعقاد سے ممکن ہے۔

حاجی غلام علی نے کہا کہ ملک میں ایک ہی روز انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اس حوالے سے مل بیٹھ کر معاملات طے کریں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سپریم کورٹ جو کہے گی وہ تو ماننا ہوگا البتہ خیبر پختونخوا میں ہر روز دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں، فوری الیکشن کا مطالبہ کرنے والی پی ٹی آئی بتائے کہ کیا ایسے حالات میں انتخابی مہم چلانا بھی ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے حالات میں بہت فرق ہے، ہمارے صوبے میں کوئی دن ایسا نہیں کہ دہشتگردی کا واقعہ نہ ہوا ہو۔

حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ میں نے تاریخ دینی ہے، انتخابات وفاقی وصوبائی حکومت اورالیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، نگران صوبائی حکومت کا خط میں نے الیکشن کمیشن اورسپریم کورٹ کو بھیجا، الیکشن کے حوالے سے ہمیں ٹھنڈے دماغ کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل سٹیک ہولڈر صوبے کے عوام، پولیس اور انتخابی عملہ ہے، الیکشن کا مطالبہ کرنے والے بتائیں ان حالات میں وہ انتخابی مہم بھی چلاسکیں گے؟ کیا اس وقت وانا ،وزیرستان ، کرم و دیگر علاقوں میں انتخابی مہم ممکن ہو گی۔