چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقتصادی استحکام، جدید علوم کے حصول پر توجہ ضروری، عارف علوی

Published On 10 April,2023 09:52 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے اقتصادی استحکام اور جدید علوم کے حصول پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام پانچویں عالمی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس ہوئی جس میں پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، مختلف مکاتب فکر کے علما کرام، سفارتکاروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے معصوم لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی خاموشی حیران کن ہے، بھارت میں مسلمانوں پر نسل کشی کا خطرہ منڈلا رہا ہے کیونکہ ان کی مذہبی شناخت اور آزادی کے ساتھ ساتھ مساجد کو مسمار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً یہ امت مسلمہ کے لیے مشکل وقت ہے لیکن وہ پر امید ہیں کہ اجتماعی کوششوں، تعاون اور اتحاد کے ذریعے ان تمام چیلنجز پر قابو پالیں گے۔

صدر مملکت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انسانی تاریخ سے یہ بات عیاں ہے کہ نسل انسانی نے بڑے پیمانے پر قتل عام کا مشاہدہ کیا اور بنی نوع انسان نے اپنے جھگڑوں کے تلخ تجربات سے سبق نہیں سیکھا، قرآن پاک کی تعلیمات فطرت کے اعتبار سے ابدی ہیں جو انسانوں کو رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میانوالی کے لوگ مجھے منتخب نہ کرتے تو میری سیاست نہ ہوتی: عمران خان

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی قیادت اپنی تلخیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جرات مندی کا مظاہرہ کرے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آگے آئے، پاکستان خطے میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا لیکن اب دوسرے ممالک اس راہ پر گامزن ہیں، ہمیں سنجیدگی سے ماضی پر نظر دوڑانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے ایران کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر سعودی عرب کی قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔

قبل ازیں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ، تاریخی اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کی جڑیں گہری اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل دوبارہ منظور

سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں اپنے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب مختلف ترقیاتی اقدامات کے ذریعے پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھے گا، سعودی عرب اور اسلامی ممالک کے عوام پاکستان کو بہت عزت دیتے ہیں۔
 

Advertisement