کراچی چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی کا علاج جاری، جلد صحت یابی کی امید

Published On 12 April,2023 07:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نورجہاں کے علاج کیلئے اقدامات جاری ہیں، جس سے ہتھنی کی جلد صحت یابی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بتایا کہ ہتھنی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ادویات سمیت مساج اور واک جاری ہے، نورجہاں جلد صحت یاب ہوکر سب کی نظروں کا محور بن جائے گی۔

ڈاکٹر سیف الرحمان نے بتایا کہ عالمی ماہرین کی ہدایت کے مطابق نور جہاں کا علاج کیا جا رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر نور جہاں کا مساج کیا جاتا ہے، پابندی سے ادویات بھی دی جا رہی ہیں اور ساتھ ہی خوراک پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ماہرین کی ہدایت کے مطابق نور جہاں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اندرونی اعضا میں تکلیف کے باعث ہتھنی اٹھنے بیٹھنے سے قاصر ہے ، اسے سہارا دینے کیلئے مختلف مقامات پر بجری کے ڈھیر لگانے سمیت دیگر اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ادویات سمیت ماہرین کی دیگر ہدایات پر عملدرآمد سے ہتھنی کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔