اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہمارا مشن رابطے میں ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم سوڈان میں سکیورٹی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، خرطوم سوڈان میں ایک ہزار کے قریب پاکستانی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے جس کے لیے ہمارا مشن رابطے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوڈان میں ہنگامے، پاکستانی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا
واضح رہے کہ خرطوم میں سوڈانی آرمی ہیڈ کوارٹرز اور وزارت دفاع کے آفس کے قریب فائرنگ ہوئی، سوڈان کے صدارتی محل کے قریب بھی فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور خرطوم ائیرپورٹ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا ہے۔
اس کے علاوہ سوڈان کے شہروں مروی اور بحری میں بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دی ہیں، سوڈان کی پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کا کہنا ہے کہ ہمارے ایک کیمپ پر سوڈانی فوج نے حملہ کیا ہے ہم نے خرطوم ائیرپورٹ اور مروی شہر میں فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوڈان: فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں، دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا
دوسری جانب سوڈانی فوج کا کہنا ہے کہ پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے اہلکار ملٹری ہیڈ کوارٹرز پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔