لیہ: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کی جانب سے وفاق، سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں توڑ کر آئندہ 90 روز میں انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے لیہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدم استحکام کا واحد حل تمام اسمبلیوں کے اکٹھے انتخابات کے انعقاد میں ہے، دیگر اسمبلیاں توڑ دی جائیں تو اگست یا ستمبر میں انتخابات ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو حادثہ ہوا، دہشت گردی کا پہلو سامنے نہیں آیا: رانا ثنا اللہ
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت "جوڈیشل کو" سمیت "سول ملٹری سب کو" ہو چکے، 90 روز کی آئینی پابندی کو پہلے صدر اور الیکشن کمیشن اب عدالت نے عبور کر دیا، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ضد پر قائم رہے تو جنرل الیکشن بھی گنوا بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور پی پی پی گڈ گورننس میں ناکام ہو گئے، سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم لیکن اس سے ملک میں بے یقینی بڑھ گئی، جماعت اسلامی اے پی سی کے ذریعے انتخابات کے اکٹھے انعقاد کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سیاستدان حکومت یہاں کرتے ہیں اور پیسہ چوری کر کے باہر رکھتے ہیں: چودھری سرور
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان اور وزیراعظم سے ملاقاتیں حوصلہ افزا رہیں، سراج الحق، مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام قائدین اور جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جائیگی، کراچی کی بہتری کیلئے جماعت اسلامی کا میئر ناگزیر ہے۔