خیبر: ( دنیا نیوز ) طور خم سرحدی گزر گاہ کے قریب پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد کنٹینرز اور مال بردار گاڑیاں زد میں آگئیں جبکہ کارگو گاڑیوں میں آگ بھی بھڑک اٹھی ۔
ریسکیو حکام کے مطابق طور خم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ اچانک گرگیا جس کے باعث ایکسپورٹ روڈ پر موجود ایک درجن سے زائد مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ پہاڑی تودے گرنے کے بعد امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو1122 خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ سرچ آپریشن میں 12 ایمبولینسز، 4 فائر ویکلز، 3 ریکوری ویکلز اور 3 ہیوی ایکسیویٹر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ریسکیو1122 نے اب تک 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جبکہ 4 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر اور ضلعی پولیس سربراہ موقع پر موجود تمام تر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خیبر نے بتایا کہ تودہ گرنے کے باعث آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر بروقت قابو پالیا گیا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے لئے پشاور اور نوشہرہ سے بھاری مشینری طلب کرلی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، پولیس اور دیگر ادارے موقع پر موجود ہیں۔