چیف جسٹس کا سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا مشورہ، زرداری کی جانب سے خیر مقدم

Published On 19 April,2023 05:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چیف جسٹس کے مذاکرات کے مشورے کا خیر مقدم کیا گیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیف جسٹس کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا مشورہ دینا خوش آئند ہے، تمام سیاسی جماعتیں بھی مل بیٹھ کر آپسی خلفشار کو دور کریں۔

واضح رہے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران مذاکرات کے حوالے سے اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عدالت سیاسی جماعتوں کو مہلت دے، تمام سیاسی قائدین اسلام آباد میں نہیں ہیں، کچھ سربراہان نے غیر سنجیدہ گفتگو کی تھی، جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ نے آج سنجیدہ موقف اپنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنےپر غیرمعمولی نتائج آسکتے ہیں : چیف جسٹس

چیف جسٹس نے تحریک انصاف کے وکیل فیصل چودھری کو روسٹرم پر بلا کر پوچھا کیا پی ٹی آئی مذاکرات پر آمادہ ہے، جس پر فیصل چودھری نے جواب دیا سراج الحق زمان پارک آئے اگلے دن ہمارا سندھ کا صدر گرفتار ہو گیا، قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے آپ سے بہت امید ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا الیکشن کی تاریخ پر سیاسی جماعتیں مطمئن ہوئیں تو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گا، قوم کی تکلیف اور اضطراب کا عالم دیکھیں، مذاکرات کا عمل جلد مکمل نہ ہوا تو عدالتی حکم پر عمل کروائیں گے، سیاسی جماعتیں اپنے نمائندے مقرر کر کے کارروائی کا حصہ بنیں۔