اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزاحمت اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، سیاسی پارٹیوں کے پاس سب سے بڑا ہتھیار مذاکرات کا ہوتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں، چاہے جتنے بھی برے حالات ہوں، پی ٹی آئی کو اپنے رویے سے یہ ثابت کرنا ہو گا وہ ایک سیاسی جماعت ہے اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ سکیورٹی ادارے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر رہے ہیں، سکیورٹی ادارے ہمہ وقت اس ملک کے دفاع کے لئے فرنٹ لائن پر بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا مشورہ، زرداری کی جانب سے خیر مقدم
انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لئے اداروں کی قربانیوں اور شہادتوں کا ہمیں احترام ہے، ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ائیرپورٹ پر جس واقعہ کا ذکر میں نے اپنی تقریر میں کیا اس کا غلط مطلب لیا گیا، اس پر اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ نہیں ہونی چاہئے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پارلیمنٹ میں بات کرنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ اپنے اداروں یا افراد کی حوصلہ شکنی کی جائے۔