زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کیخلاف بشری بی بی کی درخواست 1 لاکھ روپے جرمانے کیساتھ خارج

Published On 20 April,2023 03:28 pm

لاہور : (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک میں عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران ممکنہ آپریشن روکنے کے لیے بشری بی بی کی درخواست ایک لاکھ روپے جرمانے کیساتھ خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے درخواست کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر ریمارکس میں کہا  کہ آپ نے غیر ضروری درخواست دائر کی ہے،لارجر بینچ پہلے ہی عید کے دوران عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے چکا ہے۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ زمان پارک میں عید تعطیلات کے دوران آپریشن کی مصدقہ اطلاعات ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ مجھے یہ بتائیں کہ مفروضوں پر کیسے حکم دیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خدشہ کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہوگا، پہلے بھی عمران خان کی غیر موجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا،درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دے۔