اسلام آباد: (دنیا نیوز) آج چاند نظر آنے کے امکانات کیوں کم ہیں؟ دنیا نیوز نے کھوج لگا لیا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش آج صبح سوا 9 بجے ہو چکی ہے، سورج آج شام کو 6 بج کر 34 منٹ پر غروب ہو جائے گا، پیدا ہونے والا چاند 7 بجے کے قریب اُفق کے نیچے چلا جائے گا، سورج ڈوبنے کے بعد چاند تقریباً 21 منٹ تک مغربی افق پر رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کیلئے عیدالفطر کی شاپنگ اتنی مشکل کیوں ؟
غروب آفتاب کے بعد چاند کا 40 سے 50 منٹ تک اُفق پر رہنا ضروری ہے، چاند وہی دیکھا جا سکتا ہے جو افق پر 40 تا 50 منٹ تک موجود رہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر لگ بھگ ساڑھے 9 گھنٹے ہو گی، اتنی کم عمر کا چاند بھی نظر آنا ناممکنات میں سے ہی ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق رویت کے لیے چاند کی عمر 17 سے 24 گھنٹے ہونا بھی ضروری ہے، اس صورتحال میں چاند کا کسی جگہ نظر آ جانا معجزے سے کم نہیں ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پردیسیوں کے لیے عید اپنوں کے سنگ منانے کے جتن شروع، بس اڈوں پر رش ہی رش
رمضان سے قبل رجب اور شعبان کے دونوں مہینے 29، 29 دن کے تھے دو 29 ایام کے گزرنے کے بعد تیسرا ماہ بھی 29 کا نہیں ہو سکتا، اعداد و شمار کے مطابق قمری مہینوں کے 30 دن کے مہینے البتہ لگاتار دو سے زائد ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کل جمعۃ الوداع اور پرسوں ہفتے کو عید الفطر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔