عید تعطیلات کے بعد مقدمات کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کے 5 بینچز تشکیل

Published On 21 April,2023 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد مقدمات کی سماعت کیلئے 5 بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔

چیف جسٹس نے 26 سے 28 اپریل تک ایک سپیشل اور 5 ریگولر بینچز تشکیل دیئے ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپیشل بینچ میں جسٹس اعجاز الااحسن، جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔

بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، بینچ نمبر دو میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید، تین نمبر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امیر الدین خان، چار نمبر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک، پانچ نمبر بینچ میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر شامل ہوں گے۔

ملک بھر میں ایک ساتھ عام انتخابات کروانے کیلئے درخواستوں پر 27 اپریل کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا، اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے لئے جانے والے از خود نوٹس پر بھی سماعت ہو گی۔

بھونگ مندر رحیم یار خان پر حملہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 27 اپریل کو کرے گا، بھوجا ائیر لائن اسلام آباد طیارہ حادثہ سے متعلق کیس جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 27 اپریل کو سنے گا۔
 

Advertisement