حکومتی نمائندوں کا تحریک انصاف سے رابطہ، ملاقات کا فیصلہ نہ ہو سکا

Published On 21 April,2023 09:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ایک دن انتخابات پر مذاکرات کیلئے حکومت کے نامزد نمائندوں کی جانب سے تحریک انصاف سے پہلے رابطے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطہ کر کے کہا کہ ہم آپ سے باضابطہ بات چیت کیلئے آفیشل رابطہ کر رہے ہیں۔

رابطہ اس وقت کیا گیا جب سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی تھی، اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے کے حوالے سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے احتجاج اور خانہ جنگی ہو گی: سراج الحق

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ اچھی بات ہے، مذاکرات کرنا خوش آئند اقدام ہے، ہم اس بات کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن یہ بات عدالت کو بتا دیں، عدالت کو کیا بتانا تھا مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کا ردعمل سامنے آ گیا، یہ صرف اور صرف تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی اور حکومتی نمائندوں کی کب ملاقات ہو گی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا، حکومتی اتحاد کی جانب سے ابھی تک پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کیلئے دن اور وقت بھی طے نہیں ہو سکا، مولانا فضل الرحمن کی پریس کانفرنس اور مریم نواز کے ٹویٹ کے بعد مذاکراتی ملاقات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی۔