سوات: (دنیا نیوز) سوات کے علاقے کبل میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے 16 میں سے 9 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہید اہل کاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن کبل میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈا پور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
2 دھماکوں میں 16 اہلکار شہید
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے کے اندر 2 دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 16 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
دھماکے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے جو ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ شہداء میں سی ٹی ڈی کے 2 افسران بھی شامل ہیں۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل کے مطابق دھماکے سے سی ٹی ڈی تھانے کی عمارت بیٹھ گئی، دھماکے کے ساتھ ہی علاقے کی بجلی منقطع ہو گئی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے دھماکے کی وجہ لاپرواہی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا بظاہر شارٹ سرکٹ کا نتیجہ دکھائی دیتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ دھماکا سی ٹی ڈی کے پرانے آفس میں ہوا ہے، بظاہر خودکش یا دہشت گردی کا واقعہ نہیں لگ رہا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے یہ بھی کہا ہے کہ لاپرواہی کے باعث کوت میں رکھے اسلحے میں دھماکا ہوا ہے۔