لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ق) نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے۔
پارٹی ٹکٹ چیف آرگنائزر مسلم لیگ چودھری سرور اور سیکرٹری جنرل پنجاب چودھری شافع حسین نے پارٹی سربراہ چودھری شجاعت حسین کے حکم پر جاری کئے، تمام امیدواروں کو حلقے میں بھرپور الیکشن مہم چلانے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی۔
سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ اڑھائی ہزار ارب کے ترقیاتی بجٹ کو کاموں میں استعمال کیا جاتا تو یہ حال نہ ہوتا، پاکستان کے قرضے بڑھ رہے ہیں، کرپٹ لوگوں کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے، چودھری شجاعت حسین پر کوئی شخص انگلی نہیں اٹھا سکتا ہے، مجھے اقتدار کی خواہشں ہوتی تو کسی اور پارٹی میں جاتا۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کے حالات کو بدلنے کیلئے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں، اگر ہمیں حکومت ملی تو عملاً کام کر کے دکھائیں گے، ہمارے پاس ایک مضبوط ٹیم موجود ہے، ہم پنجاب میں بھرپور سرپرائز دیں گے، تمام امیدوار اپنے دفاتر بنائیں اور سوشل میڈیا کو مضبوط کریں۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ساڑھے تین سال میں دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں کیا، پنجاب میں متبادل قیادت کے طور پر پاکستان مسلم لیگ میدان میں اتری ہے، لوگوں کے ذہن تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جس طرح کی لیڈر شپ چاہئے تھی وہ عوام کو نہیں ملی۔