لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی، سابق وزیر اعظم آج صبح 8:00 بجے عدالت عالیہ میں پیشی کیلئے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے روانہ ہوں گے۔
منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ میں دھکا لگنے کی وجہ سے عمران خان کی فریکچرڈ ٹانگ شدید متاثر ہوئی تھی اور شدید تکلیف کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا جس کی وجہ سے وہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہو سکے تھے۔
ہائی کورٹ نے ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے حاضری یقینی بنانے کا کہا تھا جس کے بعد عدالت کے احترام اور قانون کی سربلندی کیلئے شدید تکلیف کے باوجود سابق وزیر اعظم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔
عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز نے گزشتہ روز پیشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، وہ عدالت کے احترام میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، وہ آئین اور عدالتوں کو مقدم سمجھتے ہیں۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے، لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران دھکم پیل سے عمران خان کا پاؤں زخمی ہوا، ان کے پاؤں میں شدید سوزش اور تکلیف ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم کی ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور کسی بھی قسم کا اجتماع غیر قانونی ہوگا، امن و عامہ کے پیش نظر جی ٹین پراجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورشن ہوگی۔
ترجمان کے مطابق شہری دوران سفر متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے پکار 15 پر کال کریں۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس
— Islamabad Police (@ICT_Police) May 3, 2023
عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔
کسی بھی قسم کا اجتماع غیر قانونی ہوگا۔
امن و عامہ کے پیش نظر جی ٹین پراجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورشن ہوگی۔
شہری دوران سفر متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔…