انتخابات میں دھاندلی کر کے کم عقل بندے کو وزیر اعظم بنا دیا گیا: شرجیل میمن

Published On 04 May,2023 07:18 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں عمران خان نے جن ممالک سے تعلقات خراب کیے ان سے بلاول بھٹو نے تعلقات کو بحال کیا ہے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ بلاول بھٹو جس مشن پر بھارت گئے ہیں وہ کامیاب ہوں، ملک کی ایک جماعت کے لیڈران ڈیجیٹل میڈیا پر بیٹھ کر بلاول بھٹو کے دورے پر تنقید کر رہے تھے، عمران خان کی خارجہ پالیسیوں سے سفارتی طور پر ملک کو نقصان پہنچا، وہ ایک کم عقل اور بیوقوف بندہ ہے جسے وزیر اعظم بنا دیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں فتنہ، انارکی اور افراتفری پھیلانا ہے، ڈیجیٹل میڈیا کا مقصد سچ کو فروغ دینا اور جھوٹ بے نقاب کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے کبھی کسی آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی کبھی کسی ادارے کے خلاف بات کی ہے، عمران خان نے جب بھی زیادتی اور نا انصافی کی بات کی تو پیپلز پارٹی کی مثال پیش کی۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والے ظلم پر 2008 میں پیپلز پارٹی نے کامیاب ہو کر زخموں پر مرہم رکھا، بلوچستان کے حقوق کی بات آصف زرداری نے کی، جعلی کپتان کو حکومت دینے کیلئے دھاندلی کی گئی، سندھ اور بلوچستان نے عمران خان کو اپنے صوبوں میں کامیاب ہونے نہیں دیا، آئندہ انتخابات میں سلیکٹڈ کو مسترد کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ عمران خان یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں سے ہے، عمران خان سیاست میں گالم گلوچ کا رواج لے کر آیا، رواں سال انتخابات میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی۔