لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی حالات کے ذمہ دار ثاقب نثار اور ان کے ساتھی ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ثاقب نثار کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو سامنے آچکی ہے، بدقسمتی سے یہ شخص ایک ادارے کا سربراہ رہ چکا ہے، یہ لوگ پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل گئے، ثاقب نثار کیسے فیصلے کر گیا اس معزز ادارے میں، وقت آگیا ہے کہ اعتراف کیا جائے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو گھناؤنی سازش سے ڈی ریل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک اکثریتی جماعت اور اسکے سربراہ نواز شریف کو نشانہ بنایا گیا، سازش کے تحت ملک میں افراتفری اور فساد برپا کیا گیا، منتخب وزیراعظم کو نا اہل قرار دیا گیا اور ذاتی مفاد کے لئے ہنستے بستے پاکستان کا بیڑا غرق کیا گیا، آصف سعید کھوسہ اور ثاقب نثار نے جو کردار ادا کیا سب کے سامنے ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چند ججز نے ڈکٹیشن لیکر نواز شریف کو نا اہل کیا اور خاندان کو نشانہ بنایا، ملک کے موجودہ معاشی حالات کے ذمہ دار ثاقب نثار اور اسکے ساتھی ہیں، شہباز شریف اور پارلیمان سے مطالبہ کرتا ہوں ثاقب نثار کو گرفتار کر کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران ںیازی نے اداروں اور شہداء کے خلاف ہرزہ سرائی کی، پرویز الہٰی کو پکڑتے ہیں تو چوہوں کی طرح چھپ جاتے ہیں، ان کے خلاف تو کوئی ایکشن نہیں ہوتا، انہیں ضمانتیں بھی مل جاتی ہیں، بالٹی میں چھپنے والا شخص بہادر نہیں چوہا ہے، چند بدکرداروں نے عمران خان کو قوم کا مسیحا بنا کر پیش کیا، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ان بدکرداروں کو کٹہرے میں لایا جائے، یہ بدکردار افراد نوازشریف سے معافی مانگیں۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ چند لوگوں نے پاکستان کی ترقی کو روک دیا، عمران خان نے پاکستان میں ہر سطح پر انتشار پھیلایا، مسلم لیگ ن نے ریاست بچانے کیلئے سیاست کو داؤ پر لگا دیا، مسلم لیگ ن نے پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھا دیئے، پاکستان کو موٹرویز اور میٹرو بسوں کے تحفے دیئے، نوازشریف کے روشنیوں کے پاکستان کو عمران خان نے اندھیروں میں دھکیل دیا۔