اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ میں پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس شروع ہو گیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو، چینی وزیر خارجہ چن گانگ اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی شریک ہیں۔
سہ فریقی مذاکرات میں افغانستان کے اقتصادی، مالیاتی مسائل، قیام امن، شہری حقوق کی بحالی، تعلیم، صحت، خوراک اور پابندیوں سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی اقتصادی دباؤ کم کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کریں گے: چینی وزیر خارجہ
چینی وفد کی قیادت چینی وزیر خارجہ چن گانگ، نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ کر رہے ہیں، پاکستانی وفد میں وزیر مملکت حنا ربانی، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان اور افغانستان ڈیسک کے حکام شامل ہیں جبکہ افغان وفد کی قیادت افغان وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے، بلاول بھٹو زرداری نے افغان وزیر خارجہ کا استقبال کیا، وزارت خارجہ میں افغانستان اور چین کے وفود کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔