مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، جناح ہاؤس میں شمعیں روشن کی گئیں

Published On 14 May,2023 07:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر کے مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں جن میں شرکاء نے قومی پرچم اور پاک فوج کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔

لاہور
جناح ہاؤس میں سول سوسائٹی کی جانب سے شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں بچوں اور بڑوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی، شرکاء نے شمعیں روشن کر کے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا اور آخر میں دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔

کراچی
پریس کلب کے باہر پاک فوج کے حق میں سول سوسائٹی کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے شہداء کے مجسمہ کے ساتھ جو کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے، پاک فوج ہے تو ہم ہیں، فوج کی بہت قربانیاں ہیں۔

اوچ شریف
پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے عوامی ریلی میں شہریوں نے پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے، شرکاء نے ملک بھر میں عسکری و سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک افواج ہماری جان ہے، ہرزہ سرائی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے، ریلی کی قیادت سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سید علی حسن گیلانی نے کی۔

فیصل آباد
پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلع کونسل چوک میں ریلی نکالی گئی جس میں عام شہریوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور پاک فوج کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک کا امن و امان پاک فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، شر پسند عناصر جتنی بھی کوشش کر لیں عوام اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج اور دیگر اداروں سے عوامی محبت کم نہیں کی جا سکتی۔

گوجرانوالہ
گوجرانوالہ میں افواج پاکستان کے حق میں استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد ہوا جس کی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ فوج ملک کی محافظ ہے اور سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے۔

کوہاٹ

پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے علی ٹاؤن سے کینٹ تک ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوئے، شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی سازشیں ناکام بناٸیں گے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔

سرگودھا
پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ یادگار شہداء اور فوجی اداروں پر حملے افسوسناک ہیں، پاک فوج سرحدوں کا دفاع کرتی ہے تو ہم امن سے سو رہے ہیں، پاک فوج پر تنقید افسوسناک امر ہے۔
 

Advertisement