کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کیس: میاں محمود الرشید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Published On 16 May,2023 04:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

پنجاب پولیس نے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو گرفتار کر کے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا ان پر عمران خان کی گرفتاری کے بعد کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج ہے، پولیس نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا اسد عمر کا میڈیکل چیک اَپ کرانے کا حکم

پولیس نے عدالت میں موقف اپنایا کہ میاں محمود الرشید اور دیگر پر جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے، سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید سے تفتیش اور برآمدگی کی جانی ہے، پولیس کی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالت نے محمود الرشید کا دو روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔