لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر چودھری سرور نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جو بھی پرتشدد واقعات میں ملوث ہیں سب کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔
اپنے ویڈیو بیان میں سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ 9 مئی کوعسکری تنصیبات، جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کیا گیا، جناح ہاؤس میں تمام فرنیچر اور قائد اعظم کی یادوں کو تباہ کر دیا اور کور کمانڈر ہاؤس کو جلایا گیا، جی ایچ کیو، کور کمانڈر پشاور کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو تباہ کیا گیا، پبلک ٹرانسپورٹ اور پولیس کی گاڑیاں بھی جلائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ق کا پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا فیصلہ
مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چودھری سرور نے مزید کہا ہے کہ ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو لوگ بھی اس میں شامل ہیں ان سب کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، شرپسندوں نے راستے میں جاتی فوج کی گاڑیوں پر پتھر اور ڈنڈے برسائے، میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے بردباری کا مظاہرہ کیا۔
سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور عوام میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کو پاکستان کی افواج نے ناکام بنا دیا، ہم افواج پاکستان سے یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ہاؤس سے 17 مئی کو 3 بجے ریلی نکال رہے ہیں، ہم تمام بھائیوں، بہنوں، پاکستانیوں اور خاص طور پر مسلم لیگ کے کارکنوں کو ریلی میں شرکت کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔