کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران نیازی نےغیر جمہوری رویہ اختیار کیا ہے، عمران خان کی انا کیلئے ملک کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔
مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسند جتھوں نے لا قانونیت مچائی، ملکی املاک، حساس اداروں کو نقصان پہنچایا، یہ ایک تکلیف دہ دن تھا، اس طرح کی شرپسندی پھیلانے والوں کو آڑھے ہاتھوں لینا ضروری ہے ورنہ یہ حرکتیں معمول بن سکتی ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی کو اگر لگتا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے پر ہم خاموش رہیں گے تو ایسا نہیں ہے، ہم پہلے پاکستانی ہیں پھر کسی سیاسی جماعت کاحصہ ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب عمران خان اقتدار میں تھا اور اب جب نہیں ہے تو اس طرح کی باتیں کرتا ہے، یہ بات درست ہے کہ عوام مہنگائی میں گھری ہوئی ہے، جیسے ہی موقع ملا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی، 28 لاکھ خاندانوں کو بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے رقم دی جبکہ سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کا کام جاری ہے۔