کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں پر تشدد واقعات میں ہمارے لوگ ملوث نہیں، ہمارے پاس ویڈیوز موجود ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ ملوث ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ لوگ پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے، انتشار چاہتے ہیں، عمران خان نے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچایا، ہم بھی عدالتوں میں گئے ہمیں تو کسی نے گڈ ٹو سی یو نہیں کہا۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ ملک کو دیوالیہ کرنے کیلئے ان لوگوں نے سب کچھ کیا، علی زیدی جیسے لوگوں کو سیاست کی اے بی سی کا بھی نہیں پتا، علی زیدی کونسلر کا الیکشن ہار گیا، بعد میں ایم این اے بن گیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں تین بسوں کے شیشے توڑے گئے ایک بس جلائی، بسوں کو نقصان پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، واقعات میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔