محکمہ موسمیات کی آئندہ دو روز کے دوران گرمی میں اضافے کی پیشگوئی

Published On 20 May,2023 08:35 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرمی میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے دو سے تین روز کے دوران درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں37، اسلام آباد میں 36، مظفر آباد میں 35، کوئٹہ میں 33، گلگت میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیا دہ درجہ حرارت موہنجو داڑو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع مٹیاری میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ رہا۔

شہری گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈے میٹھے مشروبات کا استعمال کر رہے ہیں۔

دادو، جیکب آباد، سکھر، روہڑی اور سکرنڈ میں 44، نوابشاہ، سبی میں 43، بہاولپور، ڈیرہ اسماعیل خان میں 40، لاہور، پشاور، سرگودھا، اٹک اور ساہیوال میں 38 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم خشک،گردآلودہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی ہے ۔