عمران خان نے کارکنوں کےذہنوں میں نفرت پیدا کی جس کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا:احسن اقبال

Published On 21 May,2023 03:40 pm

نارروال : (دنیانیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کےذہنوں میں نفرت پیدا کی اور اس زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا۔

نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا اور نذرآتش کیا گیا، جناح ہاؤس اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے حمایتوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کیا اور کہا کہ امریکا کی ڈکٹیشن کیوں لیں، یہ اپنی نااہلی اور ضد کی وجہ سے  عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے، موجودہ حکومت کو امپورٹڈ کہااور  ملکی دشمنی میں اداروں کیخلاف مہم چلائی اور قومی اداروں پرتنقید کی۔

احسن اقبال  نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی شکست تسلیم کرنے کی بجائے عمران خان نے امریکی سازش کا ڈرامہ رچایا، عمران خان کی طرز سیاست کو پاکستان میں قبولیت نہیں ملی، عمران خان کی گرفتاری کے بعد اہداف کو نشانہ بنانے کا کہا گیا، اور پھر جو کچھ ہوا اس کو سیاسی احتجاج نہیں کہا جاسکتا، کوئی معاشرہ احتجاج کو جلاؤ گھیراؤمیں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں کیونکہ جو کام عمران خان کر رہا تھا، وہ کام کروڑوں اربوں روپے خرچ کر کے بھی وہ نہیں کرسکتے تھے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کی ایک آڈیو سامنے آگئی ہے، آئین توڑنے والا آج ملک میں آئین وقانون کی بات کر رہا ہے، سی پیک تباہ کرنے والا معیشت کی بہتری کی بات کر رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو اٹھا کر اپنے پیروں پر کھڑا کیا، پاکستان کی ترقی کو عمران خان کی انا پرستی کے ذریعے کریش لینڈ کرایا گیا، ہم مائنس اورپلس کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم سزا اور جزا پر یقین رکھتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ پاکستان کو کمزور کرکے غلامی میں دھکیلنا چاہتے تھے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ملوث افراد کوسخت سزادی جائے۔