فیصل آباد: (دنیا نیوز) پولیس نے 9 مئی کو حساس ادارے کے سامنے احتجاج، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر ضمنی رپورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب سمیت مزید 95 ملزمان کو نامزد کر دیا۔
ضمنی رپورٹ میں رانا ثناء اللہ کے مخالف الیکشن لڑنے والے سابق ایم این اے چودھری نثار جٹ بھی شامل ہیں جبکہ پی پی 118 سے ندیم آفتاب سندھو کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضمنی رپورٹ میں حساس ادارے کے سامنے احتجاج کرنے پر مزید 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، گرفتار 70 ملزمان کے 161 کے بیان کے بعد 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، تھانہ سول لائن میں 300 نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او عبدالجبار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
انسداد دہشتگری کی عدالت 70 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا چکی ہے، گرفتار ملزم علی رضا بلال 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب، ڈاکٹر نثار جٹ، آفتاب سندھو سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔