ریڈیو پاکستان: گھڑی فروش نے تاریخی تحفہ انا کی آگ میں جلا دیا، مریم اورنگزیب

Published On 25 May,2023 07:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گھڑی فروش تاریخی تحفہ انا کی آگ میں جلا کر بھسم کر دیا، ان ظالموں کو جرائم کا حساب دینا ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوچی سمجھی منظم منصوبہ بندی اور ذہن سازی کے تحت وطن فروش آلہ کاروں کے 9 مئی کو سیاہ جرائم کی چند جھلکیاں ملاحظہ ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان پشاور نے آزادی اور پاکستان کے قیام کا تاریخ ساز اعلان کیا تھا، جسے جلا دیا گیا، 1932 میں قائم ہونے والا یہ قدیم ترین ریڈیو ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بغیرتار لہروں کے موجد مارکونی نے اس وقت کے وزیر اعلیٰ سرحد (موجودہ خیبرپختونخوا) عبدالقیوم خان کی درخواست پر ریڈیو کا تحفہ دیا تھا اور نصب کرنے لندن سے خود یہاں آئے۔

یہ بھی پڑھیں:کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کرنیوالوں کیخلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی شروع

انہوں نے کہا کہ بارودی ذہن اور دل میں نفرت کی آگ رکھنے والے گمراہوں نے قومی وقار، یادگاروں، ایمبولینسز کے ساتھ تاریخ ہی جلا ڈالی، ریڈیو پاکستان پشاور کا نادر و نایاب ورثہ خاکستر کر دیا۔

Advertisement