توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس: محمود الرشید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، یاسمین راشد جیل منتقل

Published On 29 May,2023 04:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتار پر توڑ پھوڑ کرنے اور تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے کیس میں میاں محمود الرشید کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

دوران سماعت پولیس نے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کی جانب سے عدالت میں موقف اپنایا گیا کہ میاں محمود الرشید سے تفتیش کیلئے جیل سے طلبی کی استدعا کر رکھی ہے، ملزم جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے تھانہ سرور روڈ کے مقدمہ میں جیل میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عسکری ٹاور حملہ، جلاؤ گھیراؤ کیس: اعجاز چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ کی تفتیش کی جانی ہے، ملزم کو جیل سے طلبی کا حکم جاری کیا گیا، میاں محمود الرشید کیخلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ 768/23 درج ہے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، پولیس کی جانب سے خصوصی عدالت سے پی ٹی آئی رہنما کا تھانہ شادمان کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ مانگا گیا تھا۔

 

Advertisement