اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے جمہوریہ ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان سے اپنے عملی پالیسی فیصلوں کا تذکرہ کیا۔
— DGPR (AIR FORCE) (@DGPR_PAF) June 1, 2023
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ آپریشنل و تربیتی شعبوں میں بہتر بنا کر جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، پاکستان اور ازبکستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط دونوں ممالک کے مابین مضبوط دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، 2 جوان شہید
دونوں معززین نے فضائی افواج کے درمیان تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
ازبکستان کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیشرفت کی تعریف کی، انہوں نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ: تھری ایم پی او کا نوٹیفکیشن معطل، نظربند شہریوں کو رہا کرنے کا حکم
معزز مہمان نے تربیتی شعبے سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ اور ازبکستان کے سفیر کی ملاقات دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی اور پُر امن و مستحکم خطے کے لیے کام کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔