اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ نے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے عبداللہ نوید کا فائٹر پائلٹ بننے کا خواب پورا کر دیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے عبداللہ نوید کے پائلٹ بننے کے خواب کو پورا کر دیا، فائٹر پائلٹ بننا عبداللہ نوید کا خواب تھا جو پاک فضائیہ کے ساتھ پوری پاکستانی نوجوان نسل کی روایتی وابستگی کا مظہر ہے، پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس پر ایک دن کیلئےعبداللہ نوید کو پائلٹ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سےعبداللہ نوید نے پی اے ایف کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا، ایئر وائس مارشل خالد محمود اور ایئر کموڈورعاصم رانا نےعبداللہ نوید کو اعزازی رینک پہنائے، عبداللہ نوید کو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے میں بٹھایا گیا اور بیس کے مختلف یونٹس کا دورہ بھی کروایا گیا۔
اس موقع پر عبداللہ نوید نے سربراہ پاک فضائیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پوری پاکستانی قوم کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتی ہے، پاک فضائیہ پوری قوم کے ہمراہ عبداللہ نوید کی جلد صحت یابی اور ان کے خواب کی تعبیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔