لاہور: (ویب ڈیسک ) پنجاب میں فوجی املاک پر حملہ کرنے والے 4 ہزار 120شرپسندوں میں سے 2 ہزار 290 کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ ایک ہزار 181حملہ آور گرفتار کیے گئے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کرنے والے 1800 شرپسندوں میں سے ایک ہزار 125کی شناخت ہو چکی ہے اور 513 شرپسند گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عسکری ٹاور پر ایک ہزارشرپسندوں نے حملہ کیا جن میں سے 121کی شناخت ہوئی اور 81 کو گرفتار کیاجا چکا ہے، راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر 300 شرپسندوں نے حملہ کیا، 158 کی شناخت ہوئی اور 109 گرفتار ہیں، حمزہ کیمپ پر 150 شرپسندوں نے حملہ کیا جن میں سے 95 کی شناخت ہوسکی اور77 گرفتار ہیں۔
پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ پی اے ایف بیس میانوالی میں 177 حملہ آوروں میں سے 152 شناخت ہو چکے ہیں جن میں سے 103 گرفتار ہیں، گوجرانوالہ کینٹ میں 400 افراد نے حملہ کیا جن میں سے 346کی شناخت ہوئی اور 172 گرفتار ہیں۔
علاوہ ازیں فیصل آباد میں حساس ادارے کے دفتر پر 300 شرپسندوں نے حملہ کیا اور 192 شناخت ہوئے اور اب تک 112 گرفتار کیے جا چکے ہیں۔