گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعے کی مدعی ریاست ہے، ریاست کے حوالے سے آرمی ایکٹ حرکت میں آ چکا ہے اگر شرپسندوں کے خلاف کارروائیاں نہیں ہوں گی تو یہ مناسب نہیں ہو گا۔
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک کو تباہ کرنا تھا، انہوں نے اپنے تین سال میں ملک کی معیشت کا بیرا غرق کیا، ہمیں پہلے دن سے معلوم ہے وہ کس قسم کا آدمی ہے، اگر الیکشن میں دھاندلی ہو گی تو ہم بھارت کی فوج سے نہیں اپنی آئی ایس آئی سے لڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن پر متفقہ فیصلہ کرینگے، ملک کو نئی پریکٹس کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے: فضل الرحمان
سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ ہم عدلیہ کے ادارے کیخلاف نہیں ہیں، کوئی جج یا جنرل غلطی کرتا ہے تو اس پر تنقید ہونی چاہیے، گزشتہ دور میں جب کوئی کہتا تھا کہ ڈالر تین سو تک جائے گا تو ہم گھبرا جاتے تھے، آج پاکستان کو اٹھانے کیلئے چائنہ اور سعودیہ سمیت دیگر دوست ممالک تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا گوادر کے سمندر کا مقابلہ دوبئی نہیں کر سکتا تھا، آج اس کی گہرائی انتہائی کم رہ گئی ہے، پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہر کسی کی اپنی خواہشات ہوتی ہیں، آپ کا سٹیٹ بینک آپ کے اختیار میں نہیں، آئی ایم ایف ایک مالیاتی ادارہ نہیں سیاسی کردار ادا کر رہا ہے، روس کے ساتھ ہماری تجارت بحال ہونے سے روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔