نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چند روز قبل پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول لیڈر کا واویلا کرنے والا آج تنہائی کے رونے رو رہا ہے۔
ریلوے روڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا کہ فرعون بنے بیٹھے چیئرمین پی ٹی آئی کی زبان باہر نکل آئی ہے، پاکستان اور عوام دشمنی پر چیئرمین پی ٹی آئی اپنے انجام کو پہنچ کر رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص ملک اور قوم کے ساتھ غداری کرے گا اس کا انجام چیئرمین تحریک انصاف جیسا ہوگا، لوٹوں کے سہارے اقتدار میں آنے والا شخص آج وہی لوٹے واپس جانے پر رو رہا ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے نمائندوں نے اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، پاکستان کو سری لنکا بنانے کا خواب دیکھنے والے شرم سے ڈوب مریں، ہم نے گورنر شپ اور وزارتیں ٹھکرا کر پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی۔