پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے ملکی معیشت کو بے رحمی کے ساتھ زمین بوس کیا، پاکستان اس وقت معاشی بحران کی زد میں ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا، اجلاس میں 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی، حکومت کو تجویز دی ہے کہ فتنہ کیخلاف سخت سے سخت اقدامات اٹھانے چاہئیں، ایسے فتنے کی بیخ کنی ہونی چاہیے اور سخت اقدامات کیے جانے چاہئیں، پاکستان کا اسلامی تشخص ختم کر کے ایک سیکولر ملک بنا دیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری ملکی سیاست سے وابستگی کی ایک طویل تاریخ ہے، ملک کی اسلامی شناخت کی بحالی کی جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے سیاست میں اتار چڑھاؤ کو قریب سے دیکھا ہے، کشمیر پر قبضہ چیئرمین پی ٹی آئی، مودی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، مرکزی مجلس شوریٰ نے عام انتخابات کیلئے پارٹی کو تیاری کی ہدایات دے دی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کیلئے مہم کا آغاز کیا جائے گا، ہماری خارجہ پالیسی کا محور پاکستان کا مفاد ہونا چاہیے، گزشتہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو منجمد کر دیا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے چین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، بنیادی طور پر پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہے، الیکشن میں ہر پارٹی اپنی حکمت عملی وضع کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا ماحول موجود رہے گا، پورے ملک میں ہر سیٹ پر جے یو آئی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، الیکشن تو آئین کا تقاضا ہے اور وہ ہوں گے، الیکشن کے حوالے سے کوئی ابہام موجود نہیں، اگر الیکشن میں تاخیر ہو گی تو فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے، اگر آئینی مدت کے اندر ہوں گے تو شیڈول الیکشن کمیشن نے دینا ہے۔